حوثیوں کے خلاف آپریشن، یمنی افواج نے باب المندب اور المخا کا کنٹرول حاصل کر لیا
یمنی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یمنی حکومت کے ترجمان نے پیر کو یہ دعویٰ کیا کہ یمنی حکومت کی افواج نے حوثی باغیوں اور اُن کی عسکری صلاحیتوں کے خلاف کی جانے والی ایک فوجی کارروائی میں سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب اور تعز کے مغرب میں واقع المخا کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، ’جائنٹس بریگیڈز‘ اور ’نیشنز شیلڈ فورسز‘نے ’آپریشن ڈان آف یمن‘ کے تحت علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومتی افواج نے ذوباب ہوائی اڈے پر بھی قبضہ کر لیا ہے اور ذوباب کو المخا سے ملانے والی سڑک پر بھی اپنا کنٹرول مضبوط کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ذوباب میں محصور سینکڑوں حوثی جنگجوؤں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ بعض جنگجو کشتیوں کے ذریعے فرار ہو گئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کارروائی اپنے طے شدہ فوجی اہداف کے حصول تک جاری رہے گی۔
آپریشن ’فجرالیمن‘
یمن کے صدر رشاد العلیمی نے حوثیوں کی عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے ’فجرالیمن‘ کے نام سے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ریاستی اداروں کو بحال کرنا، صنعا کو آزاد کرانا اور حوثیوں کی بغاوت کا خاتمہ کرنا ہے۔
یمنی مسلح افواج نے اس سے قبل پیر کی صبح اعلان کیا تھا کہ انہوں نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں نئی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جن کا مقصد ریاستی اداروں کو حوثیوں کے قبضے سے واپس لینا اور حوثی ملیشیا کی بغاوت کا خاتمہ کرنا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل ماجد عبداللہ النزیلی نے اس سے قبل پیرکو ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہماری مسلح افواج منظور شدہ پلان کے تحت مختلف محاذوں پر اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہماری افواج نے صعدہ، الجوف اور تعز میں حوثی ملیشیا کے انفراسٹرکچر کے 1122 اہداف کو نشانہ بنایا۔‘
انہوں نے کہا کہ یمنی مسلح افواج نے ریاستی اداروں کو حوثیوں کے قبضے سے واپس لینے اور گروپ کی بغاوت کا خاتمہ کرنے کے لیے آزادی کی جنگ شروع کر دی ہے۔
میجر جنرل ماجد عبداللہ النزیلی نے مزید دعویٰ کیا کہ ’فیلڈ رپورٹس کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں 1747 حوثی عناصر کو غیر موثر کیا گیا جبکہ 364 فوجی گاڑیوں، سازوسامان اور رسد پہنچانے والی گاڑیوں کو تباہ یا ناکارہ بنایا گیا۔‘
یمنی حکومت کے مطابق، یمنی فوج کی کارروائی اپنے طے شدہ فوجی اہداف کے حصول تک جاری رہے گی (فوٹو: عرب نیوز)
اتوار کو یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے صدر رشاد محمد العلیمی نے حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
العلیمی نے کہا کہ ’آج ہم اپنی قوم کی تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ریاست نے امن کا راستہ اختیار کرنے میں ’بڑی قربانیاں‘ دی ہیں۔
العلیمی کے مطابق فوجی کارروائیوں کا مقصد حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں شہریوں کے امن، حقوق اور وقار کی بحالی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان علاقوں کے شہری فوجی کارروائیوں کا ہدف نہیں ہیں۔
یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے بھی کہا ہے کہ وہ یمنی افواج کو آپریشنل مدد فراہم کرتا رہے گا جب تک کہ ملک کے ریاستی ادارے بحال ہو جائیں اور حوثی ملیشیا سے لاحق خطرہ ختم کر دیا جائے۔