اقوامِ متحدہ کے سربراہ کو امریکہ، ایران مذاکرات میں ثالثی کی کوششوں پر بریفنگ
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے پاکستان کے تین روزہ دورے کے آغاز پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انہیں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے گوتریس کے ساتھ ملاقات میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل تھی۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مذاکرات اور سفارت کاری کو تنازعات کے حل کا مؤثر ترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
بیان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی ادارے میں پاکستان کے دیرینہ کردار اور مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے اس کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان نے فروری کے آخر میں امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد اپریل میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی میزبانی کی تھی۔ اگرچہ یہ مذاکرات کسی حتمی معاہدے پر منتج نہیں ہوئے، تاہم انہوں نے سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں پاکستان نے جون میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک عبوری معاہدے کی ثالثی میں بھی مدد فراہم کی، جس کا مقصد دشمنی کا خاتمہ اور ایک جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کرنا تھا۔
وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سمیت پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انڈیا اور پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے عسکری مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔
انتونیو گوتریس دیگر مصروفیات میں بھی شرکت کریں گے جن میں کثیرجہتی نظام کی مضبوطی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں سمیت آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پیشگی انتباہ کے شعبوں میں پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کیا جائے گا۔