’پی ٹی آئی سے مذاکرات ختم‘، ناکامی کی وجہ پر فریقین کے متضاد دعوے

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومت کے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کی سہ پہر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی ناکامی کے ذمہ دار صرف اور صرف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’معاہدے کے 99 فیصد نکات پر اتفاق ہو گیا تھا۔ اس کے بعد میں مسودہ لے کر صدر مملکت کے پاس گیا، جب واپس آیا تو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس میں تبدیلی کر دی تھی۔‘
اس پریس کانفرنس سے قبل اتوار کی صبح سے جہاں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ کے آغاز کا اعلان کیا۔ وہیں فریقین نے ایک دوسرے پر مزاکرات کی ناکامی کا ملبہ ڈالتے ہوئے سوشل میڈیا پر لفظی جنگ شروع کر دی تھی۔
’دوسرے درجے کا شہری سمجھا جا رہا ہے‘
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ایکس پر حکومت کو بھیجا گیا سات نکاتی ڈرافٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان میں سے ایک بھی مطالبہ غیر آئینی نہیں ہے مگر ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔‘
اس ڈرافٹ میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرز کے درمیان ملاقات، مشترکہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سیاسی و طبی حقوق کے مطابق رہائی اور کے پی میں امن و امان کی صورتحال پر 72 گھنٹوں کے اندر مشترکہ لائحہ عمل بنانے کا مطالبہ شامل تھا۔ مسودے کے مطابق وفاق کی تحریری یقین دہانی کی صورت میں ہی مارچ منسوخ ہو سکتا تھا۔
کے پی حکومت آخری مرحلے میں مکر گئی: محسن نقوی
سہیل آفریدی کے اس بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کے پی حکومت پر اینٹی کلائمیکس کا الزام عائد کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت سکیورٹی امور کو سیاست سے پاک رکھنے، ’پولیس ایکٹ 2026‘ پر نظرثانی، کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر تنظیموں کی بلا مشروط مذمت اور افغان مہاجرین کی واپسی پر تحریری معاہدے پر رضامند ہو چکی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’مذاکرات کے حتمی مرحلے میں کے پی حکومت اپنے عزم سے پیچھے ہٹ گئی حالانکہ جب صوبہ جنگ کی حالت میں ہو تو سکیورٹی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔‘
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن رانا ثنا اللہ نے بھی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بنیادی تنازع دہشت گردی سے متعلق وفاقی پالیسی پر کے پی حکومت کا عدم تعاون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بانی پی ٹی آئی کے علاج یا ملاقاتیں ثانوی باتیں تھیں، اصل مسئلہ سیکیورٹی پر یکسوئی کا ہے، اور لانگ مارچ کو کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘
محنس نقوی کی گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات
بعد ازاں اتوار کو ہی وفقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کا دورہ کیا اور گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کی ناکامی اور پٰی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’اندھے آپریشنز قبول نہیں‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے ناکامی کا اصلی سبب حکومت کے اس اصرار کو قرار دیا کہ ’کے پی حکومت 72 گھنٹوں میں ضم اضلاع میں ایمرجنسی اور وفاق کے تمام فوجی اقدامات کی یکطرفہ تائید کرے۔‘
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کی حکومت دہشت گردی کے خلاف ہے لیکن وہ ایسے ’اندھے آپریشنز‘ کی مخالفت کرتی ہے جن سے معصوم لوگوں کا خون بہے یا شہری بے گھر ہوں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا خاتمہ صوبائی اسمبلی اور مقامی جرگے کی مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پی ٹی آئی کا مرکزی ہدف عمران خان کو فوری شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنا اور ذاتی معالج کی شمولیت سے طبی بورڈ تشکیل دینا تھا مگر حکومت محض چند ملاقاتوں کی بحالی کے علاوہ کچھ دینے کو تیار نہ تھی۔‘
This may have been his draft, circulated around midnight in what appeared to be an attempt to derail the drafts already agreed by both sides. However, the negotiating teams finalized a separate draft with us, which both sides agreed to, in addition to the KP Terrorism Related Implementation Plan.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) October 4, 2026
اس سے قبل اپوزیشن رہنما اور قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے بھی موقف اپنایا کہ قائد تک رسائی کے بغیر فیصلہ ممکن نہیں اور کسی قیدی کو مجبور کر کے معاہدہ کروانا ’مجرمانہ فعل‘ کے مترادف ہے۔
اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ



