پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کرک میں، ’بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لکی مروت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ رات گئے کرک پہنچا جہاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ آگے کا سفر صبح یعنی آج شروع کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب ’آپ میں شعور ہوتا ہے، آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا، آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں تو نا سمجھ کہا جاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ کی نظر میں ناسمجھ ہوں تو عوام کا یہ سمندر گواہی دیتا ہے کہ انہیں ایسے ہی ناسمجھ لوگ چاہییں۔‘
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ان کی نظر میں سمجھدار وہ ہے جو 5300 ارب روپے کی کرپشن کرے، لندن سرکاری جہاز میں جائے وہ سمجھدار ہے۔‘
ان کے مطابق ’میں ان طاقتوروں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہوں گا جو میرے پشتونوں کے سر کا سودا کریں گے۔‘
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طاقتوروں کو پیغام دینا ہے کہ ہمیں بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں۔
قبل ازیں حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف نے ضلع لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔
سہیل آفریدی پی ٹی آئی لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے اتوار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے تھے۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کی گئی ویڈیوز میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے حامیوں کو جمع ہوتے اور ’لانگ مارچ‘ کے لیے قافلوں کی صورت میں روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان کی حکومت گذشتہ کئی ہفتوں سے مظاہرین کے ممکنہ طور پر اسلام آباد کی جناب مارچ کو روکنے کی تیاری کر رہی ہے۔
لکی مروت میں کارکنوں سے خطاب میں وزیرِاعلٰی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ‘آج ہمارا قافلہ آج ضلع خیبر کی جانب روانہ ہو رہا ہے اور پیر کو ہماری تعداد لاکھوں تک پہنچ جائے گی۔‘
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم گورنر راج مانتے ہیں نہ ایمرجنسی قبول کریں گے، 8 اکتوبر کو خیرآباد پہنچ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔‘
سہیل آفریدی نے کہا کہ ’ہم ہر روز ایک نئے منصوبے کا اعلان کریں گے اور جب ہم صوابی پہنچیں گے تو یہ تحریک ملک کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہوگی۔‘
ان کے مطابق ’سنیچر کو مذاکراتی کمیٹی اسلام آباد میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے گئی تھی لیکن بند کمروں میں فیصلے کرنے والا ایک مائنڈ سیٹ کل ایک اور فیصلہ عوام پر مسلط کرنے جا رہا تھا۔‘
سہیل آفریدی نے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ ’ہم کسی ایسی پالیسی کو نہیں مانتے جس میں پشتونوں کا نقصان ہو، یہاں پر عمران خان کی حکومت ہے اور یہاں بانی پی ٹی آئی کا وژن اور اُن کی پالیسی ہی چلے گی۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’سابق وزیراعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے ابتدا میں مارچ 27 ستمبر کو لانگ مارچ کی کال دی تھی، تاہم بعد ازاں اسے چار اکتوبر تک موخر کر دیا گیا تھا۔‘
تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ اتوار کو خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے شروع ہوا (فوٹو: پی ٹی آئی)
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی سہیل آفریدی نے احتجاج شروع کرنے سے قبل ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا تھا کہ ’عمران خان کی حمایت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ضرور ہوگا۔‘
اُدھر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات آخری لمحات میں ’ڈیڈ لاک‘ کا شکار ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات میں اس مطالبے سمیت کئی امور پر اتفاق نہیں ہوسکا کہ عمران خان کو اُن کے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے۔‘
یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر عوامی بے چینی میں گذشتہ چند ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر اُن کے علاج اور اُن تک ڈاکٹروں اور اہلِ خانہ کی رسائی نہ ہونے سے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے۔
پی ٹی آئی نے عمران خان کی تین بہنوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے، جنہیں گذشتہ ماہ ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں۔ انہیں بدعنوانی سے غداری اور تشدد پر اکسانے سمیت درجنوں مقدمات کا سامنا ہے، جو مئی 2023 میں ہونے والے بڑے پیمانے پر حکومت مخالف احتجاج کے بعد درج کیے گئے تھے۔
عمران خان اور ان کی قانونی ٹیم ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی نوعیت کے مقدمات قرار دیتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ ان مقدمات کا مقصد ان کی مقبولیت کو محدود کرنا ہے۔